نئی دہلی،یکم اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے جمعرات کے روز ہاتھرس آبروریزی معاملے میں سپریم کورٹ سے کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عصمت دری کی شکار لڑکی کی لاش کو اس کے خاندان کے حوالے نہ کرنا ریاستی حکومت اور پولیس کے کردار پر شک پیدا کرتا ہے۔
مایاوتی نے یہاں کہا کہ اتر پردیش پولیس نے ایک دلت متاثرہ لڑکی کی لاش کو اس کے کنبہ کے حوالے نہیں کی اور گزشتہ آدھی رات کو اس کی رضا مندی کے بغیر اور اس کی غیر موجودگی میں آخری رسومات ادا کر دیں گئیں جس سے لوگوں میں کافی شکوک و شبہات اور ناراضگی پائی جاتی ہے۔ بی ایس پی پولیس کے ایسے غلط رویے کی شدید مذمت کرتی ہے۔
مایاوتی نے کہا "بہتر ہوگا کہ سپریم کورٹ اس سنگین معاملے کو خود ہی نوٹس لیتے ہوئے مناسب کارروائی کرے، ورنہ اس گھناؤنے معاملے میں اترپردیش حکومت اور پولیس کے رویہ سے ایسا نہیں لگتا ہے کہ اجتماعی زیادتی کی شکار بچی کی موت کے بعد بھی اس کے اہل خانہ کو انصاف اور ملزمان کو سخت سزا ملے گی۔"